پاکستان مسلم لیگ کے صدر اور سابق وزیر اعظم چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں ایک نئی ابھرتی ہوئی طاقت بن چکا ہے، اور اب وقت آگیا ہے کہ تمام قومی قوتیں متحد ہو کر ملک کو ایک مضبوط اقتصادی قوت میں تبدیل کریں۔ انہوں نے زور دیا کہ آئندہ بجٹ میں عام آدمی کے مسائل اور ان کی توقعات کو خاص طور پر مدنظر رکھا جائے تاکہ ملک میں معاشی استحکام اور خوشحالی کی راہ ہموار ہو۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی رہنماؤں سے ایک اہم ملاقات کے دوران کیا، جس میں ڈاکٹر محمد امجد، مصطفیٰ ملک، مہرین ملک آدم، ڈاکٹر رحیم اعوان، انیلہ چوہدری، عاطف مغل، رضوان صادق اور چوہدری جہانگیر شریک تھے۔
چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ پاکستانی قوم ایک جرات مند اور بہادر قوم ہے، جو ہر طرح کے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو اپنی افواج اور ان کی قیادت — فیلڈ مارشل عاصم منیر، ائیر چیف ظہیر احمد بابر، اور نیول چیف نوید اشرف — پر فخر ہے، اور پارٹی رہنماؤں کو ہدایت دی کہ وہ اپنے پروگراموں میں فوج کے مثبت کردار کو نمایاں کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جس طرح آپریشن "بنیان المرصوص” میں یکجہتی اور عزم کا مظاہرہ کیا گیا، اسی جذبے کے ساتھ معاشی میدان میں بھی قیادت کو ایک صفحے پر آنا ہو گا۔ تنخواہ دار طبقہ اور غریب عوام قومی قیادت کی خصوصی توجہ کے مستحق ہیں، اور ان کے لیے بجٹ میں ٹھوس ریلیف فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
چوہدری شجاعت حسین نے زور دیا کہ ایک مضبوط دفاع کے لیے معاشی خوشحالی اور خودمختاری بنیادی حیثیت رکھتی ہے، اور اسی بنیاد پر پاکستان کو مستحکم اور خوشحال مستقبل کی طرف گامزن کیا جا سکتا ہے۔