بدترین لوڈشیڈنگ کے خلاف جماعت اسلامی نے احتجاج کا اعلان کردیا

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

جماعت اسلامی کراچی نے شہر میں روزانہ 12 سے 18 گھنٹے کی طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف آج شہر بھر میں احتجاج کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ ترجمان کے مطابق کے الیکٹرک کی ’برقی دہشت گردی‘ کے خلاف اہم شاہراہوں پر مظاہرے کیے جائیں گے۔

latest urdu news

کراچی: جماعت اسلامی کراچی کے ترجمان منعم ظفر خان کے مطابق شہر کی مختلف اہم شاہراہوں پر مظاہرے کیے جائیں گے جہاں عوام کے ساتھ مل کر کے الیکٹرک کی جانب سے جاری بدترین غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف آواز بلند کی جائے گی۔

منعم ظفر خان نے کہا کہ کراچی میں روزانہ 12 سے 18 گھنٹے بجلی بند رہتی ہے جس سے شہری زندگی مفلوج ہو چکی ہے۔ گھریلو معاملات، تعلیمی ادارے، کاروبار، اسپتال اور دیگر بنیادی نظام شدید متاثر ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام ملک میں سب سے مہنگی بجلی خریدنے پر مجبور ہیں، جبکہ 2005 سے اب تک کے الیکٹرک کی بجلی پیداوار میں کوئی اضافہ نہیں ہوا، حالانکہ صارفین کی تعداد دو گنا ہو چکی ہے۔

جماعت اسلامی کا مطالبہ ہے کہ کے الیکٹرک کا لائسنس فوری منسوخ کیا جائے اور کراچی کو نیشنل گرڈ سے براہ راست بجلی فراہم کی جائے تاکہ عوام کو فوری ریلیف مل سکے۔ ترجمان نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس احتجاج میں بھرپور شرکت کریں تاکہ حکومت اور متعلقہ اداروں پر دباؤ بڑھایا جا سکے اور اس بحران کا مستقل اور پائیدار حل نکالا جا سکے۔

یاد رہے کہ کراچی میں کے الیکٹرک کی اجارہ داری گزشتہ دو دہائیوں سے قائم ہے اور اس دوران لوڈشیڈنگ، اوور بلنگ اور بجلی کے انفرااسٹرکچر کی خستہ حالی جیسے مسائل مسلسل بڑھتے جا رہے ہیں۔ جماعت اسلامی کراچی نے اس سے قبل بھی متعدد بار احتجاجی مہمات چلائیں، لیکن لوڈشیڈنگ کا مسئلہ تاحال حل نہیں ہو سکا۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter