اسلام آباد: تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران ریڑھی بان دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کے علاقے ضیا مسجد میں تجاوزات کے خلاف کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے آپریشن کے دوران ایک 65 سالہ دکاندار دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔ متوفی کی شناخت منظور احمد کے نام سے ہوئی ہے، جن کا تعلق آزاد کشمیر سے بتایا گیا ہے۔

latest urdu news

ریڑھی ضبط ہونے کی اطلاع پر موقع پر پہنچے، دل کا دورہ پڑ گیا

نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق عینی شاہدین، لواحقین اور دیگر دکانداروں کا کہنا ہے کہ سی ڈی اے کے عملے نے علاقے میں تجاوزات ہٹانے کی کارروائی کے دوران متعدد افراد کی ریڑھیاں ضبط کیں، جن میں منظور احمد کی ریڑھی بھی شامل تھی۔

واقعے کے وقت منظور احمد خود موجود نہیں تھے، بلکہ ان کا بھتیجا جلال ریڑھی پر چاول فروخت کر رہا تھا۔ دکانداروں نے منظور احمد کو فون پر اطلاع دی، جس پر وہ فوری طور پر موقع پر پہنچے۔ تاہم، جب وہ پہنچے تو ان کی ریڑھی کا سامان سی ڈی اے کے اہلکار پہلے ہی ٹرک میں منتقل کر چکے تھے۔

اسی دوران منظور احمد کو اچانک سینے میں شدید تکلیف ہوئی اور وہ زمین پر گر پڑے۔ انہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کر دی۔

خاندان کی قانونی کارروائی نہ کرنے کی یقین دہانی

منظور احمد کے بھتیجے جلال نے مجسٹریٹ کے سامنے بیان ریکارڈ کرواتے ہوئے کہا کہ ان کے چچا کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی اور خاندان اس واقعے پر کوئی قانونی کارروائی نہیں کرنا چاہتا۔

اگرچہ خاندان نے قانونی چارہ جوئی سے انکار کیا ہے، تاہم واقعے نے شہری حلقوں میں متعدد سوالات کو جنم دیا ہے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن کرتے وقت انسانی پہلوؤں اور معاشی حالات کو نظر انداز نہیں کیا جانا چاہیے، خصوصاً ان افراد کے حوالے سے جو روزانہ کی بنیاد پر ریڑھی یا چھوٹے کاروبار سے روزی کماتے ہیں۔

یاد رہے کہ حال ہی میں صدرِ مملکت نے سی ڈی اے ترمیمی آرڈیننس 2025 بھی جاری کیا ہے، جس کا مقصد تجاوزات اور شہری نظم و نسق سے متعلق ضوابط کو مزید مؤثر بنانا ہے۔ تفصیلات اس رپورٹ میں ملاحظہ کریں۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter