470
گجرات: دولت نگر کے قریب ایک دل دہلا دینے والے حادثے میں یونیورسٹی آف چناب کی ہائی ایس اور ایک اسکول رکشہ کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 2 معصوم بچوں کے جاں بحق ہونے کی اطلاع ہے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب اسکول رکشہ بچوں کو لے کر جا رہا تھا کہ مخالف سمت سے آنے والی یونیورسٹی کی ہائی ایس سے ٹکرا گیا۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ رکشہ ڈرائیور موقع پر ہی دم توڑ گیا، جبکہ رکشہ میں سوار تمام بچے شدید زخمی ہو گئے۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے کے فوراً بعد تمام زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں 2 بچے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان کی بازی ہار گئے۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق اب تک کم از کم 9 زخمی بچوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے، جن میں 7 کا تعلق عمروال اور 2 کا ککرالی سے ہے۔
خوش قسمتی سے، ہائی ایس میں سوار یونیورسٹی کی تمام طالبات محفوظ رہیں۔ واقعے کے بعد علاقے میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے، جب کہ پولیس نے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔