کشمیر کی آزادی کا وقت آ گیا ہے، سب کو متحد ہونا ہوگا ، ڈی جی آئی ایس پی آر

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

راولپنڈی ، افواجِ پاکستان کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور امن ہمیشہ ہماری پہلی ترجیح رہی ہے ، لیکن اگر بھارت نے دوبارہ کوئی حماقت کی تو پاکستان کا ردعمل پہلے سے کہیں زیادہ شدید ہوگا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے خیبر پختونخوا کی مختلف جامعات کے طلبہ سے ملاقات کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے یہ سمجھا کہ وہ حملہ کرے گا اور پاکستان خاموش رہے گا ، لیکن پاکستانی قوم اور افواج نے یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے منصوبے کو خاک میں ملا دیا۔

latest urdu news

انہوں نے بتایا کہ فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر نے فیصلہ کن حکمت عملی اپناتے ہوئے بھارت کے 26 مقامات پر مؤثر جواب دیا،مظفرآباد میں بھارتی شیلنگ سے شہید ہونے والے 7 سالہ بچے ارتضیٰ کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جس بھارتی بریگیڈ ہیڈکوارٹر سے یہ حملہ کیا گیا ، اسے مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نےکہا کہ 6 اور 7 مئی کو بھارت کے جن ہوائی اڈوں سے طیارے اڑے ، انہیں بھی نشانہ بنایا گیا ، تاہم پاکستانی فوج نے ایک بھی شہری آبادی یا سویلین انفرااسٹرکچر کو نشانہ نہیں بنایا کیونکہ ہم امن کو ترجیح دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جو عناصر مساجد کو شہید کرتے ہیں اور معصوم لوگوں کو ذبح کرتے ہیں، ان کا نہ اسلام سے اور نہ پختون روایات سے کوئی تعلق ہے، انہوں نے خارجی نور ولی کے اس بیان کو بھی مسترد کیا جس میں اس نے کافروں سے مدد لینے کو جائز قرار دیا اور کہا کہ جو بھارت سے مدد مانگتے ہیں وہ کشمیر میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کو کیسے بھول سکتے ہیں؟

ڈی جی آئی ایس پی آر نے افغانستان کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ وہاں کی عوام برادر اسلامی بھائی ہیں ، لیکن مسئلہ ان کی اشرافیہ کا ہے جو بھارت کے پیسوں پر بک چکی ہے اور پاکستان مخالف ایجنڈے پر کام کر رہی ہے۔

آخر میں انہوں نے خیبر پختونخوا کے عوام، خصوصاً قبائل سے مخاطب ہو کر کہا کہ آج ایک بار پھر وہ وقت آ چکا ہے کہ ہم سب کو متحد ہو کر کہنا ہوگا کہ کشمیر بنے گا پاکستان۔

یاد رہے کہ ماضی میں بھی بھارت کی جانب سے پاکستان کی فضائی و زمینی حدود کی خلاف ورزیوں کے بعد پاکستان نے فوری اور مؤثر عسکری ردعمل دیا ہے، جن میں 2019 میں بھارت کے طیارے گرانا اور پائلٹ ابھینندن کی گرفتاری نمایاں مثالیں ہیں، پاکستان نے ہمیشہ امن کی بات کی ہے لیکن دفاع کے معاملے میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا۔

 

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter