نئی دہلی ، بھارت کی پاکستان کے خلاف بین الاقوامی سطح پر مالیاتی سازشیں ایک بار پھر سامنے آ گئیں، جن کا مقصد پاکستان کی معیشت کو کمزور کرنا اور ترقیاتی عمل کو روکنا ہے۔
سفارتی ذرائع اور سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق بھارت نے ایک بار پھر ایف اے ٹی ایف (فنانشل ایکشن ٹاسک فورس) میں پاکستان کو نشانہ بنانے کی کوشش کرتے ہوئے جھوٹا اور بے بنیاد ڈوزیئر جمع کروایا ہے، اس میں پاکستان پر من گھڑت الزامات لگائے گئے ہیں تاکہ اسے گرے لسٹ میں دوبارہ شامل کروا کر مالی دباؤ بڑھایا جا سکے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بھارت پاکستان کی اقتصادی بحالی اور ورلڈ بینک سے منظور شدہ 20 ارب ڈالر کے ترقیاتی منصوبوں سے خائف ہے، اور وہ ہر ممکن طریقے سے ان منصوبوں کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کر رہا ہے۔
ماہرین نے اس امر پر تشویش ظاہر کی ہے کہ بھارت پاکستان کو عالمی مالیاتی امداد سے محروم کر کے ملک کو اندرونی طور پر عدم استحکام سے دوچار کرنا چاہتا ہے، تاکہ خطے میں اپنی سیاسی اور اقتصادی برتری کو قائم رکھ سکے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان مسلسل شفافیت، مالی نظم و ضبط اور بین الاقوامی معیار کے مطابق اصلاحات کے لیے کوشاں ہے، جبکہ بھارت بین الاقوامی برادری کو گمراہ کر کے اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل چاہتا ہے۔
پاکستانی حکام نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارتی پروپیگنڈے کا شکار نہ ہوں اور پاکستان کی طرف سے خطے میں امن، ترقی اور شفاف طرز حکمرانی کے اقدامات کا سنجیدگی سے اعتراف کریں۔
یاد رہے کہ پاکستان کو ماضی میں بھی بھارت کی کوششوں کے سبب ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں شامل کیا گیا تھا، تاہم پاکستان نے مسلسل اصلاحات کے ذریعے اپنے مالیاتی نظام کو عالمی معیار کے مطابق ڈھالا اور ساکھ بحال کی۔ اب بھارت ایک بار پھر پرانے حربوں کو آزما رہا ہے۔