کیف،روس نے یوکرین کے دارالحکومت کیف پر مسلسل دوسرے روز فضائی حملے کیے جن میں میزائل اور ڈرونز کا استعمال کیا گیا، اتوار کی صبح کیے گئے ان حملوں میں کم از کم 12 افراد جاں بحق اور 18 زخمی ہوئے جن میں تین بچے بھی شامل ہیں۔
برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق روسی حملے میں رہائشی عمارتوں کو بھی شدید نقصان پہنچا جبکہ فضائی حملوں کے سائرن کئی گھنٹوں تک شہر میں گونجتے رہے، شہریوں کو رات بھر پناہ گاہوں میں رہنے کی ہدایات جاری کی گئی تھیں۔
یوکرینی فضائیہ نے بتایا کہ حملوں میں مختلف شہروں کو نشانہ بنایا گیا، لیکن بنیادی توجہ دارالحکومت کیف پر رہی۔ ان حملوں میں بیلسٹک، کروز میزائل اور ڈرونز استعمال کیے گئے۔
یہ حملے ایک ایسے وقت میں کیے گئے جب عالمی برادری روس پر جنگ بندی کے لیے دباؤ ڈال رہی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ہفتے کو روس اور یوکرین کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کے دوسرے مرحلے میں 600 سے زائد قیدی رہا کیے گئے، جب کہ جمعہ کو پہلے مرحلے میں تقریباً 800 قیدیوں کی رہائی عمل میں آئی تھی۔
یاد رہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان فروری 2022 سے جاری جنگ اب تک ہزاروں جانیں لے چکی ہے اور کئی بار جنگ بندی کی بین الاقوامی کوششیں ناکام ہو چکی ہیں۔ قیدیوں کے تبادلوں کا سلسلہ جنگ کے دوران ایک نرمی کے اشارے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، مگر فضائی حملے اس بات کا ثبوت ہیں کہ کشیدگی بدستور قائم ہے۔