لاہور، وزیراعظم کے مشیر اور سابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ دہشتگردوں کے خلاف اب فیصلہ کن کارروائی شروع ہو چکی ہے اور پاکستان کی سرزمین ان کے لیے مزید محفوظ نہیں رہے گی۔
نجی نیوز ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے خضدار میں معصوم بچوں کو نشانہ بنائے جانے کے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسی کارروائیاں انسانیت کے خلاف ہیں، اب ریاستی ادارے مکمل چوکنا ہیں اور دہشتگرد عناصر کے خلاف سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (FATF) پر بھارتی پروپیگنڈے کا بھرپور جواب دے گا اور عالمی سطح پر پاکستان کا مؤقف مضبوط انداز میں پیش کیا جائے گا۔
دفاعی بجٹ پر گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ملک کے موجودہ حالات کے پیش نظر دفاعی بجٹ میں اضافہ ناگزیر ہو چکا ہے، اس پر کئی بار سنجیدہ غور ہو چکا ہے اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی بھی یہی رائے ہے کہ عوام پر بوجھ ڈالے بغیر دفاعی صلاحیت بڑھائی جائے۔
سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسائل کا حل صرف مذاکرات کی میز پر ہے، جلاؤ گھیراؤ یا سڑکوں پر احتجاج سے کچھ حاصل نہیں ہوتا، وزیراعظم شہباز شریف دو مرتبہ پاکستان تحریک انصاف کو ہر اہم مسئلے پر مذاکرات کی دعوت دے چکے ہیں، اگر پی ٹی آئی نے دوبارہ پرتشدد احتجاج کیا تو اس کی اجازت نہیں دی جائے گی اور قانون حرکت میں آئے گا۔
یاد رہے کہ حالیہ مہینوں میں بلوچستان سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں دہشتگردی کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے بعد حکومت اور سیکیورٹی اداروں نے نیشنل ایکشن پلان پر ازسر نو عملدرآمد کا فیصلہ کیا ہے۔ دفاعی بجٹ میں ممکنہ اضافے اور سیاسی جماعتوں کو مذاکرات کی دعوت دینے کے حکومتی بیانات اس تناظر میں سامنے آ رہے ہیں۔
