راولپنڈی: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جانب سے دیے گئے خصوصی عشائیے میں "معرکۂ حق” اور آپریشن "بنیان مرصوص” کے دوران سیاسی قیادت کی استقامت، مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور عوام کے جذبہ عزم کو سراہا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، اس عشائیے میں صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، وفاقی وزرا، گورنرز، وزرائے اعلیٰ اور اعلیٰ عسکری و سیاسی قیادت نے شرکت کی۔
اس کے علاوہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، پاک فضائیہ اور بحریہ کے سربراہان، سیاسی جماعتوں کے سینئر رہنما، اعلیٰ سرکاری افسران اور تینوں مسلح افواج کے سینئر افسران بھی عشائیے میں موجود تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، تقریب میں شرکاء نے پاک بھارت کشیدگی کے دوران قوم کو متحد رکھنے، سیاسی قیادت کے فہم و فراست، مسلح افواج کی قربانیوں اور عوام کے جذبہ حب الوطنی کو بھرپور انداز میں سراہا۔
عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے سیاسی قیادت کی دور اندیشی پر شکریہ ادا کیا اور آپریشن بنیان مرصوص میں پاک افواج کی کامیابی کو ان کی پیشہ ورانہ قابلیت اور تسلسل کے ساتھ خدمات انجام دینے کا نتیجہ قرار دیا۔
انہوں نے بھارتی ڈس انفارمیشن مہم کے خلاف نوجوانوں اور میڈیا کے کردار کی تعریف کی اور کہا کہ پاکستانی قوم نے دشمن کے پروپیگنڈے کے سامنے ایک "فولادی دیوار” کا کردار ادا کیا ہے۔
فیلڈ مارشل نے پاکستانی سائنسدانوں، انجینئرز اور سفارت کاروں کو بھی خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے مشکل وقت میں غیر معمولی پیشہ ورانہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ آج کا دن قومی اتحاد، عزم اور ہم آہنگی کے ساتھ آگے بڑھنے کے نئے عہد کی تجدید کا دن ہے، جسے پوری قوم فخر اور اعتماد کے ساتھ منا رہی ہے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے فیلڈ مارشل کا اعزاز ملنے پر اللہ کا شکر ادا کیا اور اسے قوم، افواج، شہداء و غازیوں کے نام وقف کیا۔ انہوں نے صدر، وزیر اعظم اور کابینہ کے اعتماد کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ اعزاز پوری قوم اور فوج کا فخر ہے۔ یہ ترقی آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر دی گئی ہے۔