ہفتہ, 24 مئی , 2025

کراچی کے خلاف اہم مقابلہ، بہترین کرکٹ کھیلنا ہوگی، شکیب الحسن

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

لاہور قلندرز کے آل راؤنڈر شکیب الحسن کا کہنا ہے کہ ٹیم کے آئندہ مقابلے نہایت اہم ہیں اور کراچی کنگز جیسی مضبوط ٹیم کے خلاف کامیابی حاصل کرنے کے لیے عمدہ کارکردگی دکھانا ہوگی۔

latest urdu news

میڈیا سے گفتگو کے دوران شکیب الحسن نے کہا کہ کراچی کنگز کے خلاف ہمارا میچ فیصلہ کن نوعیت کا ہے، اور چونکہ وہ ایک زبردست ٹیم ہے، ہمیں اپنی بہترین صلاحیتوں کے ساتھ میدان میں اترنا ہوگا، اس وقت جیت ہی ہماری اولین ترجیح ہے، اور تمام کھلاڑی مکمل طور پر تیار اور پرجوش ہیں، انہیں بخوبی اندازہ ہے کہ اگلے میچز کتنے اہم ہیں اور وہ درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پُرعزم ہیں۔

پی ایس ایل کا تجربہ ہمیشہ یادگار رہا، شکیب الحسن

شکیب نے بتایا کہ وہ اس سے پہلے بھی پاکستان سپر لیگ کا حصہ رہ چکے ہیں اور ہر بار کا تجربہ بہت مثبت رہا ہے۔ ان کے مطابق گزشتہ دس برسوں میں پی ایس ایل نے بہت ترقی کی ہے اور وہ خود اس تبدیلی کے گواہ رہے ہیں۔

انہوں نے لاہور قلندرز کے ماحول کو بہترین قرار دیتے ہوئے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف جیسے تیز گیند بازوں کے ساتھ پہلے میدان میں آمنے سامنے آتے تھے، لیکن اب انہی کے ساتھ ڈریسنگ روم میں وقت گزارنے کا موقع ملا ہے، جس سے ایک دوسرے کو سمجھنے کا موقع بھی مل رہا ہے۔

کرکٹ میں واپسی پر اظہار خیال

لمبے وقفے کے بعد دوبارہ کرکٹ میں واپسی پر بات کرتے ہوئے شکیب الحسن نے کہا کہ جب آپ کافی عرصے بعد واپس آتے ہیں تو جذبات مختلف ہوتے ہیں، جسمانی ردعمل پر بھی نظر رکھنی پڑتی ہے، لیکن ان کے لیے یہ تجربہ اچھا رہا ہے اور انہیں امید ہے کہ لاہور قلندرز کے اگلے میچز ان کے لیے یادگار ہوں گے۔

مستقبل کی سرگرمیوں پر روشنی

شکیب الحسن نے کہا کہ وہ پاکستان سپر لیگ سمیت دنیا کی دیگر ٹی ٹوئنٹی لیگز میں شرکت کے خواہشمند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ نہیں جانتے کہ آئندہ چند ماہ میں کیا ہوگا، لیکن ان کے موجودہ معاہدے جاری ہیں اور وہ مختلف لیگز میں کھیلنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

پاک-بنگلا ٹی ٹوئنٹی سیریز پر تبصرہ

پاکستان اور بنگلا دیش کے مابین ٹی ٹوئنٹی سیریز پر گفتگو کرتے ہوئے شکیب الحسن نے کہا کہ دونوں ٹیمیں باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں، اور وہ پرجوش انداز میں عمدہ کھیل پیش کرنے کے لیے بے تاب ہوں گے۔

واضح رہے کہ آج کے ایونٹ میں ایلیمنیٹر میچ کھیلا جائے گا، جس میں لاہور قلندرز کا مقابلہ کراچی کنگز سے ہوگا، اور جیتنے والی ٹیم کوالیفائر 2 میں اسلام آباد یونائیٹڈ سے ٹکرائے گی۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter