نیو جرسی کے محکمہ صحت نے ایک اہم تنبیہ جاری کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ ہفتے ایسٹ ردر فورڈ کے میٹ لائف اسٹیڈیم میں منعقد ہونے والے شکیرا کے میوزک کنسرٹ میں شامل افراد خسرہ وائرس کے ممکنہ خطرے سے دوچار ہو سکتے ہیں۔
بین الاقوامی خبر رساں ذرائع کے مطابق، محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ ایک فرد جو خسرہ سے متاثر تھا، اس تقریب میں شریک ہوا، اس کے باعث خدشہ ہے کہ اسٹیڈیم میں موجود دیگر افراد بھی وائرس سے متاثر ہو سکتے ہیں۔
محکمے نے وضاحت کی ہے کہ وہ افراد جنہوں نے خسرہ کے خلاف مکمل حفاظتی ٹیکے نہیں لگوائے یا جنہیں ماضی میں یہ بیماری لاحق نہیں ہوئی، وہ اس انفیکشن کے زیادہ خطرے میں ہیں۔ ممکنہ متاثرین میں علامات 6 جون تک ظاہر ہو سکتی ہیں۔
صحت حکام کی جانب سے جاری کردہ ہدایات میں کہا گیا ہے کہ اگر کسی شخص کو خسرہ کی علامات محسوس ہوں، تو فوری طور پر طبی ماہر سے رجوع کریں، لیکن اسپتال یا کلینک جانے سے قبل فون پر مطلع کرنا ضروری ہے تاکہ دیگر افراد کو وائرس سے محفوظ رکھا جا سکے۔
خسرہ کی عام علامات میں تیز بخار، کھانسی، بہتی ناک، آنکھوں کی سوجن اور جلد پر سرخ دھبے شامل ہیں، یہ وائرس ہوا کے ذریعے یا متاثرہ فرد کی تھوک اور بلغم سے پھیلتا ہے اور اس کے ذرات فضا میں ایک سے دو گھنٹے تک موجود رہ سکتے ہیں۔
اس صورتحال کے پیشِ نظر، کنسرٹ میں شریک تمام افراد، بالخصوص بچوں اور مسافروں کو ایم ایم آر ویکسین لگوانے کی پرزور ہدایت کی گئی ہے۔