اسلام آباد، وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) درحقیقت بھارت کے مفادات کی تکمیل کے لیے ایک پراکسی کے طور پر کام کر رہی ہے اور بھارت ان عناصر کو پاکستان میں بدامنی پھیلانے کے لیے مالی معاونت فراہم کرتا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ملک دشمن عناصر کو ریاست کی جانب سے سخت اور فیصلہ کن ردعمل دیا جائے گا، اس نوعیت کی دہشتگرد کارروائیوں کے بعد ایسی تحریکیں عوامی حمایت کھو دیتی ہیں اور ان کی بنیادیں کمزور پڑ جاتی ہیں۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ جن گروہوں کی جانب سے نہتے شہریوں، بچوں اور خواتین کو نشانہ بنایا جاتا ہے، وہ کسی بھی طور پر عوامی ہمدردی یا حمایت کے مستحق نہیں رہتے، ایسی کارروائیاں ان کی حقیقت کو بے نقاب کرتی ہیں اور اُن کے مقاصد کا پردہ چاک ہو جاتا ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ بی ایل اے نہ صرف بھارت کی ایما پر کام کر رہی ہے بلکہ بھارتی فنڈنگ سے پاکستان کے اندر خونریزی کی جاتی ہے، خواجہ آصف نے کہا کہ ہماری جانب سے کیے جانے والے دعوے صرف الفاظ تک محدود نہیں بلکہ ہم اپنے الزامات کے حق میں ثبوت بھی پیش کریں گے۔
انہوں نے زور دیا کہ دہشتگردی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور ریاست ہر قیمت پر اپنے شہریوں کا تحفظ یقینی بنائے گی۔