غزہ: حماس کے خلاف اسرائیلی افواج کی جاری کارروائی کے دوران دو الگ الگ واقعات میں دو اسرائیلی فوجی ہلاک ہوگئے۔ دونوں واقعات میں ہلاکت کی وجہ دشمن کا حملہ نہیں بلکہ اپنے ہی ساتھیوں کی غلطی بنی۔
خان یونس میں عمارت منہدم، فوجی ہلاک
پہلا واقعہ جنوبی غزہ کے علاقے خان یونس میں پیش آیا جہاں اسرائیلی فوجی ایک عمارت میں حماس کے جنگجوؤں کی تلاش میں داخل ہوئے۔ عمارت میں داخل ہوتے ہی زور دار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں عمارت زمین بوس ہوگئی۔
اس دھماکے میں ایک اسرائیلی فوجی موقع پر ہی ہلاک جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوا۔ ہلاک ہونے والے اہلکار کی شناخت 20 سالہ اسٹاف سارجنٹ ڈینیلو موکانو کے نام سے ہوئی۔ اس کی لاش کو کئی گھنٹوں بعد ملبے سے نکالا گیا۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان نے بتایا کہ عمارت میں داخلے سے قبل ڈرون اور بم سونگھنے والے کتے سے بھی جانچ کی گئی تھی، تاہم دھماکے کی نوعیت پر تاحال سوالات برقرار ہیں۔
شمالی غزہ میں غلط فہمی پر فائرنگ
دوسرا واقعہ غزہ کے شمالی علاقے میں پیش آیا جہاں ایک اسرائیلی فوجی نے اپنے ہی ساتھی پر حملہ آور ہونے کے شبے میں اندھا دھند فائرنگ کردی۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب فوجی ایک سرنگ کو تباہ کر رہے تھے کہ اسی دوران اسرائیلی فوج کی دوسری ٹیم بھی وہاں پہنچ گئی۔ ایک اہلکار نے دوسری ٹیم کے اہلکار کو دشمن سمجھ کر فائرنگ کر دی۔
اسرائیلی فوج نے اس افسوسناک غلطی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ہلاک ہونے والا اہلکار سارجنٹ 20 سالہ یوسف یہودا چرک تھا۔
اسرائیلی فوج کی پے در پے غلطیاں
یہ دونوں واقعات اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ میں انسانی حقوق کو نظرانداز کرنے اور جنگی دباؤ میں اندرونی کوتاہیوں کو نمایاں کرتے ہیں۔ اسرائیلی میڈیا اور فوجی ماہرین کے مطابق، فوجی آپریشنز میں ایسی غلطیوں کا بڑھنا ان کے مورال اور حکمت عملی پر سوالیہ نشان ہے۔