بنوں، نیو سبزی منڈی میں واقع پولیس چوکی پر دہشتگردوں نے حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار شہید جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔
پولیس حکام کے مطابق دہشتگردوں نے چوکی کے مرکزی دروازے کو بارودی مواد سے اڑایا، جس کے بعد متعدد دہشتگرد احاطے میں داخل ہوئے اور اندھا دھند فائرنگ کی، حملے کے دوران قریبی دکانوں کو بھی شدید نقصان پہنچا، جبکہ علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس چوکی میں نصب ٹرانسفارمر فائرنگ اور دھماکے کی شدت سے کھمبے سے نیچے آ گرا، جس کے نتیجے میں نیو سبزی منڈی کی بجلی منقطع ہو گئی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ قوم ان بہادر سپاہیوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی اور حکومت شہداء کے لواحقین کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے، انہوں نے زخمی اہلکار کی جلد صحتیابی کے لیے بھی دعا کی۔
محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا پولیس نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہمیشہ صف اول کا کردار ادا کیا ہے، اور ان کی قربانیاں ملکی سلامتی کی ضمانت ہیں۔