وزیرآباد، جعفر کوٹ سے جلال پور جٹاں جانے والی موٹر سائیکل پر سوار خاتون المناک حادثے کا شکار ہو کر جان کی بازی ہار گئی۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق 40 سالہ رضوانہ بی بی، اپنے شوہر فیصل سعید کے ساتھ موٹر سائیکل پر سفر کر رہی تھی کہ راستے میں سڑک پر پڑی ریت کے باعث بائیک پھسل گئی۔
افسوسناک حادثے کے نتیجے میں خاتون نیچے گر گئیں اور پیچھے سے آنے والی ایک بھاری بھرکم ایکسیویٹر مشین (کرین) کے نیچے آگئیں، جس کے باعث خاتون کا جسم مکمل طور پر کچلا گیا، ریسکیو ٹیم نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر لاش کو ضابطے کی کارروائی کے بعد پولیس کی نگرانی میں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال (DHQ) گجرات منتقل کیا۔
متوفیہ کی شناخت رضوانہ زوجہ فیصل سعید، عمر 40 سال، ساکن جلال پور جٹاں (ضلع گجرات) کے طور پر ہوئی ہے، ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی بنیادی وجہ سڑک پر پڑی ریت اور نامناسب صفائی تھی۔
پولیس نے موقع پر پہنچ کر جائے حادثہ سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے، حادثے کے باعث علاقے میں فضا سوگوار ہو گئی۔