سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے 1 ہزار فلسطینی مرد و خواتین کے لیے خصوصی اعلان کیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق شاہ سلمان نے پیر کو اعلان کیا کہ اس سال حج کے موقع پر ایک ہزار فلسطینی حجاج کو اپنے ذاتی وسائل سے حج کی ادائیگی کا موقع دیا جائے گا۔
یہ اقدام اسرائیلی جارحیت کے دوران شہید یا زخمی ہونے والے فلسطینیوں کے اہل خانہ کے لیے ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ میزبانی خادم الحرمین الشریفین کے مہمان پروگرام کے تحت ہوگی، جس کی نگرانی سعودی وزارت برائے اسلامی امور، دعوت و رہنمائی کر رہی ہے۔
سعودی وزارت نے واضح کیا ہے کہ فلسطینی حجاج کے لیے حج کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں تاکہ ان کی عبادات میں کوئی مشکل پیش نہ آئے۔
فلسطینی عازمین کو ان کے وطن سے روانگی سے لے کر واپسی تک سفری، رہائشی اور عبادتی سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ وہ آسانی سے اپنے مذہبی فرائض انجام دے سکیں۔
سعودی حکومت نہ صرف فلسطینیوں کو روحانی تسکین کے لیے حج جیسے عظیم فریضے کی ادائیگی کا موقع فراہم کر رہی ہے بلکہ فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کو بھی دوٹوک انداز میں مسترد کر چکی ہے۔ مزید تفصیلات یہاں پڑھیں۔