اسلام آباد: پاکستان کی وزارتِ خزانہ نے متحدہ عرب امارات کے تین کمرشل بینکوں سے ایک ارب ڈالر قرض لینے کے لیے باضابطہ درخواست دے دی ہے۔ حکومت کا یہ فیصلہ اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر کو مستحکم بنانے کے مقصد کے تحت کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، وزارتِ خزانہ نے شارجہ اسلامک بینک، ابوظبی اسلامک بینک اور عجمان بینک سے رابطہ کر کے قرض کی درخواست کی ہے۔ یہ قرض 30 جون 2025 تک حاصل کیا جانا ہے۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان کے لیے ایک شرط رکھی گئی ہے کہ اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر 30 جون تک کم از کم 13.9 ارب ڈالر تک پہنچنے چاہییں۔ اس ہدف کو پورا کرنے کے لیے کمرشل قرض ناگزیر قرار دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ یہ قرض آئی ایم ایف پروگرام کی شرائط کو پورا کرنے کے لیے لیا جا رہا ہے تاکہ قرض کی اگلی اقساط جاری رکھی جا سکیں اور ملکی معیشت کو وقتی سہارا مل سکے۔
حکومت نے اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر کو مستحکم کرنے کے لیے یو اے ای کے تین بینکوں سے ایک ارب ڈالر قرض لینے کی درخواست دی ہے، جس سے متعلق مزید تفصیلات آپ یہاں آئی ایم ایف کی دوسری قسط اور قرض کی صورتحال میں پڑھ سکتے ہیں۔