وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے دفاتر و ادارے بند رکھنے کا فیصلہ کر لیا
اسلام آباد، وفاقی حکومت نے 28 مئی کو یومِ تکبیر کے موقع پر ملک گیر عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے،اس فیصلے کے تحت تمام سرکاری دفاتر، تعلیمی ادارے، اور متعدد نجی کاروباری مراکز بند رہیں گے۔
سندھ حکومت اور اسٹاک ایکسچینج کا بھی تعطیل کا فیصلہ
وفاقی اعلان سے قبل، سندھ حکومت نے بھی یومِ تکبیر کے موقع پر عام تعطیل دینے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا تھا، صوبے بھر کے تمام سرکاری محکمے، بلدیاتی ادارے اور دیگر دفاتر 28 مئی کو بند ہوں گے،پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے بھی یومِ تکبیر کے موقع پر کاروبار بند رکھنے کا اعلان کر دیا ہے۔
یومِ تکبیر تعطیلاتی کلینڈر میں پہلے سے شامل
یاد رہے کہ حکومتِ پاکستان نے دسمبر 2024 میں ہی 28 مئی کو عام تعطیل کے طور پر سرکاری کلینڈر میں شامل کر لیا تھا،گزشتہ برس اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا تھا، جس کے مطابق یومِ تکبیر کو سرکاری تعطیل کے طور پر منایا جائے گا۔
28 مئی 1998: قومی تاریخ کا اہم دن
یاد رہے کہ پاکستان نے 28 مئی 1998 کو بلوچستان کے ضلع چاغی میں ایٹمی دھماکے کر کے بھارت کے ایٹمی تجربات کا جواب دیا تھا، اس دن کے بعد پاکستان نہ صرف مسلم دنیا کی پہلی بلکہ دنیا کی ساتویں ایٹمی قوت بن گیا۔
پاکستانی قوم اس دن کو ’’یومِ تکبیر‘‘ کے طور پر مناتی ہے جو ملکی سلامتی، خودمختاری اور دفاع کی علامت بن چکا ہے۔
مزید برآں، پنجاب کے تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی تعطیلات سے متعلق تفصیلات جاننے کے لیے یہاں مکمل خبر ملاحظہ کریں۔