الزامات کی ابتدا
پاکستان کے مشہور یوٹیوبر اور ڈیجیٹل کریئیٹر رجب بٹ ان دنوں سوشل میڈیا پر تنقید کی زد میں ہیں، جہاں بعض صارفین نے ان پر الزام عائد کیا کہ وہ اپنی اہلیہ ایمان کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کرتے ہیں، انہیں ویڈیوز میں نظر انداز کرتے ہیں اور ان کے ساتھ برابری اور عزت کا سلوک نہیں کرتے۔
ویڈیو پیغام میں وضاحت
ان الزامات کے جواب میں رجب بٹ نے ایک ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ ان کی اہلیہ ایمان ان دنوں طبیعت کی خرابی کا شکار ہیںاور اسی لیے حالیہ ویڈیوز میں نظر نہیں آ رہیں، انہوں نے وضاحت کی کہ ایمان ایک حساس طبعیت کی مالک ہیں اور سوشل میڈیا پر زیادہ متحرک نہیں رہنا چاہتیں۔
ذاتی رشتہ، سوشل میڈیا سے بالاتر
رجب کا کہنا تھا کہ ان کی ازدواجی زندگی صرف آن اسکرین نہیں بلکہ حقیقی زندگی میں بھی مضبوط ہے، انہوں نے کہا کہ وہ ایک شوہر کی حیثیت سے اپنی تمام ذمہ داریاں نبھاتے ہیں اور ایمان کی کیمرے سے دوری کو مکمل طور پر سمجھتے ہیں۔
رشتوں کو سوشل میڈیا کی مداخلت سے بچانا ہوگا
رجب بٹ نے کہا کہ سوشل میڈیا نے پہلے ہی بہت سے رشتوں کو نقصان پہنچایا ہے، لیکن وہ اپنی ازدواجی زندگی کو ایسی منفی فضا سے محفوظ رکھنا چاہتے ہیں، ان کے مطابق، تعلق کو بچانے کے لیے ضروری ہے کہ دونوں فریق اعتماد اور تحمل کا مظاہرہ کریں۔
عوامی ردعمل: وضاحت یا رویہ؟
دوسری طرف، کئی صارفین اب بھی رجب بٹ کے رویے پر تنقید کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ کسی بھی رشتے میں وضاحت سے زیادہ اہم، وقت، توجہ اور عزت دینا ہوتا ہے، جو عوامی طور پر نظر آنا چاہیے۔
اس تنازع پر کئی مشہور شخصیات نے اظہار خیال کیا، حمزہ علی عباسی کی رائے نے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کر لی۔