اسلامی جمہوریہ پاکستان پر بھروسہ سب سے اہم ہے ، لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف
راولپنڈی ، پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم نے کبھی سر نہیں جھکایا اور نہ آئندہ جھکائے گی ، ان کا کہنا تھا کہ ہم اللہ کے بعد سب سے زیادہ خود پر بھروسہ کرتے ہیں۔
چینی میڈیا گروپ کو انٹرویو دیتے ہوئے ترجمان پاک فوج نے کہا کہ پاکستان کی اصل طاقت اس کا عزم ہے ، جب ہم اپنی قوتِ ارادی کا مظاہرہ کرتے ہیں تو دنیا بھی ہمارے ساتھ کھڑی ہوتی ہے۔
خطے میں امن پہلی ترجیح
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ موجودہ عالمی حالات چیلنجز سے بھرپور ہیں ، آبادی میں اضافہ، موسمیاتی تبدیلی اور انسانی ترقی کے تقاضے دنیا کے لیے بڑے مسائل بن چکے ہیں ، ایسے وقت میں ایک ملک کا دوسرے پر جھوٹے الزامات لگا کر حملہ آور ہونا قابلِ افسوس ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خواہش ہمیشہ سے امن رہی ہے۔ ہماری سڑکوں پر لوگ امن کی خوشی مناتے دکھائی دیتے ہیں، اور پاکستان و چین خطے میں استحکام کے لیے یکساں کوشش کر رہے ہیں۔
شہادت کی تمنا، زندگی سے بڑی
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہماری قوم شہادت کو زندگی پر ترجیح دیتی ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ ہماری بقا کی جنگ ہے، کیونکہ اس کا مقصد ترقی کے عمل کو روکنا ہے۔
عوام اور افواج ایک آہنی دیوار
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان کی ترقی میں عوام، مسلح افواج اور تمام ادارے یکجا ہیں ، ہماری یکجہتی ہی ہماری طاقت ہے اور اسی طاقت کے ساتھ ہم دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنائیں گے اور ترقی کی راہ پر تیزی سے گامزن ہوں گے۔
پاکستان اور بھارت کے تعلقات میں حالیہ کشیدگی پر ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت اسرائیل نہیں ہے اور پاکستان فلسطین نہیں ہے۔ اس بیان نے خطے میں پاکستان کے عزم کو مزید واضح کیا ہے۔