ایبٹ آباد، امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے مطالبہ کیا ہے کہ آرمی چیف اور وزیراعظم قوم کو جہاد کے نظریے پر متحد کریں۔
ایبٹ آباد میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام "دفاعِ پاکستان اور غزہ یکجہتی مارچ” منعقد ہوا، جس میں بڑی تعداد میں مردوں اور خواتین نے جوش و جذبے سے شرکت کی۔
مارچ سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم نے کہا کہ جب قوم یکجہتی کا مظاہرہ کرتی ہے تو دشمن پسپا ہونے پر مجبور ہو جاتا ہے۔ حکومت پر لازم ہے کہ قومی اتحاد کو فروغ دینے کے لیے عملی اقدامات کرے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف امریکا کی جنگ میں شامل ہونے سے پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان اٹھانا پڑا۔ بھارت نے اسرائیل کی جدید ٹیکنالوجی کے بل بوتے پر پاکستان کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، مگر اس کا غرور خاک میں مل گیا۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ پاکستانی افواج نے بہادری سے فرانس کے رافیل طیارے اور اسرائیلی ڈرونز کو مار گرایا، اور ملک کو کامیابی نصیب ہوئی، انہوں نے کہا کہ جب ہماری افواج اسلام دشمن قوتوں کے خلاف صف آرا ہوتی ہیں تو پوری قوم ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہو جاتی ہے۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے مزید کہا کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور وزیراعظم سے اپیل کرتا ہوں کہ قوم کو جہاد کے نظریے پر یکجا کریں، آج قوم میں امید اور اعتماد کی ایک نئی لہر پیدا ہو چکی ہے۔