لاہور، مشہور ٹک ٹاکر رجب بٹ نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ایک نوجوان پر مبینہ طور پر تشدد کیا، جس پر متاثرہ شخص نے تھانہ ستوکتلہ میں باضابطہ شکایت درج کروا دی۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ رجب بٹ نے ایک سفید گاڑی میں بیٹھے نوجوان پر حملہ کیا، جب کہ اس کے ساتھ موجود2 افراد بھی اس واقعے میں شریک دکھائی دیتے ہیں۔
متاثرہ شہری، جس کا نام عمران بتایا گیا ہے، کا کہنا تھا کہ واقعے کی ابتدا اس وقت ہوئی جب ایک موٹرسائیکل سوار ان کی گاڑی کے سامنے غیر محتاط انداز میں زگ زیگ کر رہا تھا، جس پر انہوں نے موٹرسائیکل سوار کو تنبیہ کی۔ اس کے فوراً بعد، رجب بٹ اور اس کے ساتھیوں نے ان کی گاڑی کو روک کر بلا جواز مارپیٹ شروع کر دی۔
عمران نے بتایا کہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ہی انہوں نے پولیس سے رجوع کیا۔ تاہم، بعد ازاں رجب بٹ نے سوشل میڈیا پر اپنا مؤقف پیش کرتے ہوئے متاثرہ شہری سے معذرت کی، جس کے بعد عمران نے اپنی درخواست واپس لے لی۔
لاہور پولیس کے مطابق، یہ معاملہ دونوں فریقین کے درمیان افہام و تفہیم سے حل ہو چکا ہے اور رجب بٹ نے واقعے کو ایک "غلط فہمی” قرار دیا ہے، متاثرہ شخص نے بھی ٹک ٹاکر کو معاف کر دیا ہے۔