کراچی، وفاقی وزارت مذہبی امور نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز کے بعد عزیزیہ، سعودی عرب میں موجود پاکستانی عازمین حج کی شکایات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے اقدامات کر لیے ہیں۔
وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق عزیزیہ میں پاکستانی حجاج کرام کی رہائش کے حوالے سے بعض شکایات موصول ہوئیں، جن کے فوری ازالے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر انتظامات مکمل کیے گئے۔
ترجمان نے وضاحت کی کہ عزیزیہ میں کچھ عمارتیں پرانی ہیں جبکہ کئی نئی تعمیر شدہ ہیں، اسی فرق کی بنیاد پر مختلف آراء سامنے آ رہی ہیں، تاہم مجموعی طور پر رہائش گاہیں منیٰ کے قریب واقع ہیں، جو حجاج کے لیے سہولت کا باعث ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حجاج کے لیے کمروں کی الاٹمنٹ مکمل طور پر کمپیوٹرائزڈ نظام کے تحت کی جاتی ہے اور جو عمارتیں حاصل کی جاتی ہیں وہ عام طور پر سال کے بیشتر حصے استعمال میں نہیں آتیں، جس کے باعث ابتدائی دنوں میں معمولی شکایات پیدا ہو سکتی ہیں، تاہم انہیں دور کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز چند پاکستانی عازمین حج کی جانب سے عزیزیہ کی ایک رہائشی عمارت میں صفائی، بیت الخلاء، نماز کی جگہ اور کھانے پینے کے انتظامات سے متعلق شکایات پر مبنی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں، جن پر فوری ایکشن لیا گیا۔