مظفرآباد، وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر انوارالحق نے بھارتی گولہ باری سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے شہید اور زخمی ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔
وزیراعظم پاکستان کی جانب سے زخمیوں میں مالی امداد کے چیک تقسیم کرتے ہوئے ان کی دلجوئی بھی کی گئی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انوارالحق نے کہا کہ پاکستان کی بہادر افواج نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے اس بات پر زور دیا کہ جس طرح بڑے شہروں میں ہمارا دفاعی نظام مربوط اور مؤثر ہے، اسی طرح لائن آف کنٹرول پر بھی اس نظام کو مضبوط ہونا چاہیے، کیونکہ جس طرح شہری علاقوں میں عوام کی جان و مال کا تحفظ ضروری ہے، اسی طرح سرحدی علاقوں کے شہریوں کا تحفظ بھی ناگزیر ہے۔
دوسری جانب بھارتی جارحیت کے دوران اندرون و بیرون ملک سوشل میڈیا پر پاکستان اور اس کے اداروں کے خلاف نفرت انگیز اور اشتعال انگیز مہم چلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے ایسی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے گرد گھیرا تنگ کر دیا ہے، اس کارروائی کے دوران صحافی اور یوٹیوبر احمد نورانی سمیت پانچ افراد کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں۔