وزیراعظم کا آذر بائیجان کے صدر سے رابطہ، علاقائی کشیدگی پر گفتگو

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

اسلام آباد، وزیراعظم شہباز شریف اور آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کے درمیان اہم رابطہ ہوا جس میں دوطرفہ تعلقات، خطے میں امن و استحکام، مسئلہ کشمیر اور موجودہ علاقائی کشیدگی پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

نجی ٹی وی چینل کے مطابق وزیراعظم نے جنوبی ایشیا کی موجودہ صورتحال میں پاکستان کے مؤقف کی بھرپور تائید اور حمایت پر صدر الہام علیوف کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

latest urdu news

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ صدر علیوف کی مستقل حمایت آذربائیجان کے عوام کی پاکستان سے گہری محبت اور اخوت کی مظہر ہے اور اس بھائی چارے کو پاکستان قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

انہوں نے اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان قائم گہرے اور پائیدار دوستانہ تعلقات کا اعادہ کیا، جو ہر آزمائش میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے اور بھارت کے ساتھ جنگ بندی کے معاہدے پر عملدرآمد جاری رکھنے کا خواہاں ہے، تاہم بھارتی قیادت کے حالیہ اشتعال انگیز بیانات باعثِ تشویش ہیں۔

انہوں نے یہ واضح کیا کہ پاکستان کسی بھی ممکنہ جارحیت کی صورت میں اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا بھرپور دفاع کرے گا۔

دوسری جانب صدر الہام علیوف نے پاکستان کی حالیہ کامیابیوں پر وزیراعظم کو مبارکباد دی اور خطے میں امن کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ آذربائیجان ہر شعبے میں پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کشمیر کے مسئلے پر آذربائیجان کی مسلسل حمایت پر بھی خصوصی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ دونوں ممالک کے باہمی تعلقات وقت کی کڑی آزمائشوں پر ہمیشہ پورے اُترے ہیں، انہوں نے آذربائیجان کی 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری میں ہونے والی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے صدر علیوف کو دورۂ پاکستان کی دعوت بھی دی۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter