کالا شاہ کاکو، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ملک کو ذاتی مفادات اور نفرت پر مبنی سیاست نے کچھ نہیں دیا، ہمیں قومی مفاد کو ذاتی انا پر ترجیح دینا ہوگی۔
گندم انیشیٹو پروگرام کے تحت منعقدہ ٹریکٹر تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ پاکستان کی حالیہ کامیابی پوری قوم کی فتح ہے اور ہر فرد نے دفاعِ وطن میں بھرپور کردار ادا کیا، پاک افواج زندہ باد کا مطلب ہی پاکستان زندہ باد ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری افواج نے مضبوط دفاعی حکمت عملی کے تحت دشمن کو پسپا کیا۔ یہ محض سرحدوں کی لڑائی نہیں بلکہ نظریات اور حوصلوں کی جنگ تھی، انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی خودمختاری ہماری ریڈ لائن ہے اور تمام سیاسی قوتوں کو اس پر یک زبان ہونا چاہیے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ جب تک ملک موجود ہے، خوشحالی ممکن ہے، انہوں نے وزیراعظم اور آرمی چیف کو حالیہ کامیابی پر خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ سول اور عسکری قیادت نے مل کر ملک کا دفاع کیا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ حالیہ دنوں میں معیشت میں نمایاں بہتری آئی ہے، مہنگائی میں کمی کے بعد ضروری اشیاء سستی ہوئی ہیں، بجلی کی قیمتیں کم ہوئی ہیں اور لوڈشیڈنگ ختم ہو چکی ہے، جبکہ سٹاک مارکیٹ میں بھی زبردست بہتری دیکھی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کسانوں کو سہولتیں فراہم کر رہی ہے، کیونکہ زراعت کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے،خوشحال کسان ہی خوشحال پاکستان کی بنیاد ہے، کسان کارڈ کے تحت ہر ایکڑ پر 5 ہزار روپے دیے جا رہے ہیں، لہٰذا جو کسان 10 ایکڑ پر گندم کاشت کرے گا، اسے 50 ہزار روپے ملیں گے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ دنیا بھر کے اہم اخبارات اب پاکستان کی معاشی بحالی کو ایک معجزہ قرار دے رہے ہیں، انہوں نے ایک ہزار کامیاب کسانوں کو مبارکباد دی جنہوں نے ریکارڈ گندم پیدا کی، اور آج انہیں مفت ٹریکٹر دیے جا رہے ہیں۔