اسلام آباد، پاک فضائیہ کے ایئر وائس مارشل اورنگزیب احمد حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے بعد قومی اور ڈیجیٹل منظرنامے پر نمایاں ترین شخصیت بن کر ابھرے ہیں، گوگل ٹرینڈز کے مطابق 12 مئی کی شب 2 بجے ان کا نام پاکستان میں سب سے زیادہ تلاش کیا گیا۔
ان کی مقبولیت کی بڑی وجہ ان کا مؤثر، بے باک اور مزاحیہ اندازِ گفتگو بنا، جو ایک نیوز بریفنگ کے دوران سامنے آیا، ان کا ایک کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوا جس میں وہ کہتے ہیں کہ ”جہاں بات چھوڑی تھی وہیں سے شروع کرتا ہوں—پی اے ایف بمقابلہ آئی اے ایف، اسکور رہا 6-0 !“یہ جملہ بھارتی فضائیہ کے چھ طیاروں کی تباہی کے تناظر میں دیا گیا، جن میں تین رافیل، ایک SU-30، ایک MiG-29 اور ایک ڈرون شامل تھا۔
ایئر وائس مارشل کے مطابق، پاک فضائیہ نے بھارتی حملے کے ردعمل میں 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب ”آپریشن بُنیان المرصوص“ کا آغاز کیا، اس کارروائی کا مقصد بھارتی فضائیہ کی جانب سے شہری آبادی کو نشانہ بنانے کی کوششوں کا فوری اور فیصلہ کن جواب دینا تھا۔
ذرائع کے مطابق اس آپریشن کے دوران پاکستان نے بھارت کے اہم عسکری مراکز کو نشانہ بنایا جن میں ادھم پور، پٹھان کوٹ، سرسہ اور سورت گڑھ کے ائیربیسز، براہموس میزائل اسٹوریج، بریگیڈ ہیڈ کوارٹر (جی ٹاپ) اور اڑی کا سپلائی ڈپو شامل تھے۔ مجموعی طور پر 12 کلیدی اہداف کو مؤثر انداز میں تباہ کیا گیا۔
پاک فضائیہ نے دشمن کی جارحیت کا بروقت اور بھرپور جواب دیتے ہوئے 5 بھارتی جنگی طیارے مار گرائے، جن میں ایک جدید فرانسیسی ساختہ رافیل بھی شامل تھا۔
دلچسپ امر یہ بھی ہے کہ اسی دوران بھارت میں گوگل پر سب سے زیادہ تلاش کی جانے والی اصطلاح Ceasefire meaning رہی، جسے ایک کروڑ سے زائد بار سرچ کیا گیا۔