اسلام آباد، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ بھارت ہمیشہ ضد اور ہٹ دھرمی کی راہ پر گامزن رہا ہے، پاکستان پہلگام واقعے کی غیر جانبدار تحقیقات کے لیے تیار ہے۔
ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ بھارت نے پہلے ہی اپنی جارحیت کی منصوبہ بندی کر رکھی تھی، اور 7 مئی کو دانستہ طور پر اشتعال انگیزی کی۔
پاکستان کی مسلح افواج اور عوام نے جس جرات اور حوصلے کا مظاہرہ کیا، وہ تاریخ کے اوراق میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، پاک فضائیہ کے جوانوں نے دشمن کی جدید ترین ٹیکنالوجی کو ناکام بنا کر دشمن کے عزائم کو خاک میں ملا دیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک بڑے معاشی بحران سے نکل چکا ہے، یکم اپریل 2022 کو ملک ڈیفالٹ کے کنارے پر کھڑا تھا، لیکن ہم نے مشکل فیصلوں کے ذریعے حالات کو سنبھالا، آئی ایم ایف کے بغیر ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانا ممکن نہ تھا۔
وفاقی وزیر کا مزید یہ کہنا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے ریاست کے مفاد میں انتہائی سخت فیصلے کیے، عوام جانتے تھے کہ کڑوی گولی نگلے بغیر بحران پر قابو پانا ممکن نہ ہوگا، اور قوم نے صبر کے ساتھ مشکلات کا سامنا کیا۔