انڈین وزیراعظم نریندر مودی نے منگل کے روز آدم پور ایئر بیس پر فضائیہ کے افسران اور جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے ایک بار پھر پاکستان کو نشانے پر رکھا اور آپریشن سندور کی کامیابی کو بھارت کی "جدید عسکری قوت” کا ثبوت قرار دیا۔
مودی نے دعویٰ کیا کہ پاکستان کی جانب سے کیے گئے ڈرون، میزائل، UAV اور جنگی طیاروں کے حملے انڈین ایئر ڈیفنس سسٹم کے سامنے مکمل طور پر ناکام رہے۔ اُن کے بقول: "دشمن کے ارادے بار بار ناکام ہوئے، ہمارے کسی بھی ایئربیس یا ڈیفنس سسٹم کو نقصان نہیں پہنچا۔”
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے آپریشن سندور سے گھبرا کر بھارتی ایئربیسز پر کئی مرتبہ حملوں کی کوشش کی، لیکن بھارتی دفاعی نظام نے ہر بار اسے ناکام بنایا۔
ان کے مطابق "یہ صرف ہتھیاروں کی جنگ نہیں بلکہ اب ڈرونز اور ڈیٹا کی لڑائی ہے، جس میں بھارت نے اپنی تکنیکی برتری ثابت کر دی ہے۔”
مودی نے انڈین ایئر فورس کی کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ "ہمارے جوانوں نے صرف 20 سے 25 منٹ کے اندر پاکستان کے اندر اہداف کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنایا، جس نے دشمن کو ششدر کر دیا۔”
انہوں نے کہا کہ "پاکستان ہماری ٹیکنالوجی کا مقابلہ نہیں کر سکتا، ہمارے ڈرون اور میزائل ان کے لیے ڈراؤنے خواب بن چکے ہیں۔”
وزیراعظم نے دعویٰ کیا کہ آپریشن سندور کے دوران نو دہشتگردی کے ٹھکانوں کو مکمل طور پر تباہ کیا گیا اور سو سے زائد دہشتگرد ہلاک کیے گئے۔ اُن کے بقول، "جب ہماری بیٹیوں کا سندور چھینا گیا، ہم نے دہشتگردوں کو ان کے گھروں میں گھس کر ختم کیا۔”
ان کے اس بیان کو انڈین میڈیا میں جارحانہ اور پاکستان مخالف بیانیے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جبکہ خطے میں کشیدگی کے تناظر میں یہ بیانات ایک نئی بحث کو جنم دے رہے ہیں۔