اسلام آباد، عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ پوری قوم اتحاد کے ساتھ ملکی دفاع کے لیے سیسہ پلائی دیوار بنی ہوئی ہے۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قوم کو سلام پیش کرتا ہوں کہ وہ آج یکجہتی کا مظاہرہ کر رہی ہے، جبکہ افواج پاکستان نے دشمن کو دلیرانہ جواب دے کر قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج نریندر مودی کو خود بھارت میں شدید تنقید کا سامنا ہے۔
شیخ رشید نے خبردار کیا کہ اگر بھارت نے دوبارہ کسی مہم جوئی کی کوشش کی تو اس کا بھرپور اور دندان شکن جواب دیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ بھارتی قیادت کو اندازہ ہی نہیں کہ پاکستان کے پاس کتنی جدید اور مؤثر دفاعی ٹیکنالوجی موجود ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ ذاتی طور پر ان اداروں سے وابستہ رہ چکے ہیں اور جانتے ہیں کہ پاکستان کے پاس ایسی صلاحیتیں ہیں جو دشمن کو مکمل طور پر ناکام بنانے کی طاقت رکھتی ہیں، ان کے مطابق ہماری افواج نے دشمن کو بھرپور جواب دے کر یہ ثابت کر دیا ہے کہ پاکستان کی سرحدیں محفوظ ہاتھوں میں ہیں۔
دوسری جانب کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا ہے کہ موجودہ حالات مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کا بہترین موقع ہیں، گرفتار حریت رہنماؤں کی فوری رہائی وقت کی اہم ضرورت ہے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مشعال ملک نے کہا کہ کشمیر کا تنازع خطے کی سلامتی کے لیے بنیادی خطرہ ہے، اگر اس مسئلے کو نظر انداز کیا گیا تو بھارت کی جانب سے فالس فلیگ آپریشنز کا سلسلہ جاری رہے گا۔