واشنگٹن، امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ امریکا، بھارت اور پاکستان کے درمیان براہ راست مذاکرات کی حمایت کرتا ہے اور دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو بہتر بنانے کی ہر ممکن کوششوں کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔
نجی ٹی وی چینل کے مطابق امریکی وزیر خارجہ نے برطانوی ہم منصب ڈیوڈ لیمی سے ٹیلی فون پر بات چیت کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے جنوبی ایشیا میں جاری کشیدگی پر گفتگو کی اور بھارت و پاکستان پر زور دیا کہ وہ جنگ بندی پر عمل درآمد کریں اور رابطے بحال رکھیں۔
مارکو روبیو نے جرمن چانسلر فریڈرک مرز اور برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی سے علیحدہ علیحدہ ٹیلیفونک رابطوں میں یوکرین تنازع پر امریکی مؤقف کا اعادہ بھی کیا۔
ادھر فلائٹ آپریشنز میں بہتری دیکھنے میں آئی ہے اور 12 غیر ملکی ایئر لائنز نے اپنی پروازیں دوبارہ شروع کر دی ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کئی دنوں سے جاری کشیدہ صورت حال کے بعد 10 مئی کی شام جنگ بندی پر اتفاق کیا گیا تھا، تاہم اس کے باوجود بھارت کی طرف سے لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا۔
یہ تصادم 1999 کے کارگل تنازع کے بعد سب سے شدید نوعیت کا تھا، جسے فوری طور پر ختم کرنے کا اعلان غیر متوقع طور پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر کیا تھا۔