اسلام آباد، پاکستان نے اپنی فضائی حدود ہر قسم کی مقامی اور بین الاقوامی پروازوں کے لیے مکمل طور پر کھول دی ہیں۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ ملک بھر کے تمام ہوائی اڈے معمول کے فلائٹ آپریشنز کے لیے مکمل طور پر فعال ہیں۔
ترجمان نے مسافروں سے اپیل کی ہے کہ سفر سے قبل اپنی پروازوں کے تازہ ترین شیڈول کے بارے میں متعلقہ ایئرلائن سے رابطہ ضرور کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ تبدیلی سے آگاہی حاصل ہو سکے۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان اور بھارت نے فوری طور پر سیز فائر پر اتفاق کر لیا ہے، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اس پیش رفت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جنگ بندی آج شام ساڑھے 4 بجے سے مؤثر ہو چکی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ "امریکا کی ثالثی سے ہونے والی ایک طویل اور سنجیدہ بات چیت کے بعد مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ بھارت اور پاکستان نے مکمل جنگ بندی پر رضامندی ظاہر کی ہے۔
صدر ٹرمپ نے دونوں ممالک کی قیادت کو دانشمندی کا مظاہرہ کرنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ یہ فیصلہ خطے میں امن کی طرف ایک اہم قدم ہے۔