پاک بھارت کشیدگی: برطانیہ، جرمنی، یورپی یونین اور دیگر ممالک کی تشویش، فوری مذاکرات پر زور

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

برطانیہ، جرمنی، فرانس، روس اور یورپی یونین سمیت کئی عالمی طاقتوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ فوری طور پر بات چیت کا راستہ اختیار کریں۔

latest urdu news

برطانوی وزیرِاعظم کیئر اسٹارمر نے دونوں ہمسایہ ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور کشیدگی کم کرنے کے لیے مذاکرات کی میز پر آئیں۔

برطانیہ کے وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی نے بھی موجودہ صورتحال پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پاک بھارت کشیدگی کا حل صرف سفارتکاری کے ذریعے ممکن ہے، اور دونوں فریقین کو براہ راست مذاکرات کا آغاز کرنا چاہیے۔

دوسری جانب برطانوی پارلیمان کے پاکستانی نژاد ارکان — ناز شاہ، طاہر علی، ایوب خان، یاسمین قریشی اور عمران حسین — نے اپنے بیانات میں زور دیا کہ برطانوی حکومت مسئلہ کشمیر کے مستقل حل میں کردار ادا کرے تاکہ خطے میں پائیدار امن قائم ہو۔

یورپی یونین نے بھی پاک بھارت کشیدگی میں فوری کمی کے اقدامات پر زور دیا ہے۔ یونین کے خارجہ امور کے سربراہ نے واضح کیا کہ یورپی یونین نہ صرف صورتحال کا بغور جائزہ لے رہی ہے بلکہ دونوں ممالک کے درمیان ثالثی کی بھی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔

جرمن چانسلر فریڈرش مرز نے پاک بھارت تنازع پر شدید تشویش کا اظہار کیا، جب کہ فرانس کی حکومت نے بھی فریقین پر زور دیا کہ وہ جذباتی ردعمل سے گریز کرتے ہوئے صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں۔

روس کی وزارت خارجہ نے امید ظاہر کی ہے کہ دونوں ممالک معاملات کو پُرامن اور سفارتی ذرائع سے حل کریں گے، جبکہ افغان وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کو اپنے اختلافات بات چیت اور سفارتکاری سے دور کرنے چاہئیں۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter