اسلام آباد،پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے پاکستان پر کیے گئے حملے کھلی جارحیت ہیں، اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق پاکستان کو مکمل حق حاصل ہے کہ وہ اس کا بھرپور جواب دے۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ بھارتی حملوں میں معصوم بچے اور شہری جاں بحق ہوئے، جو عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
انہوں نےکہا کہ بھارت نے پاکستان کی جانب سے پہلگام حملے کی غیرجانبدار تحقیقات کی پیشکش مسترد کرتے ہوئے براہِ راست شہری آبادی کو نشانہ بنایا، جس کے بعد پاکستان اپنی خودمختاری کے تحفظ کے لیے جواب دینے میں حق بجانب ہے۔
بلاول کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ اس معاملے کا نوٹس لے اور خطے میں امن کے قیام کے لیے فوری کردار ادا کرے۔
دوسری جانب ،ڈپٹی وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے انکشاف کیا ہے کہ بھارتی فضائیہ کے 75 سے 80 لڑاکا طیاروں نے سرحدی علاقوں میں حملے کی کوشش کی، جس کا پاک فضائیہ نے بھرپور اور فوری جواب دیا۔
پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے بتایا کہ ایک گھنٹے تک سرحدی علاقوں میں شدید کشیدگی رہی، جہاں پاکستانی فضائیہ نے دشمن کے حملے کو ناکام بناتے ہوئے بھرپور جوابی کارروائی کی۔
انہوں نے کہا کہ جس بھارتی طیارے نے بم گرایا، اسے نشانہ بنایا گیا اور اس کارروائی میں بھارت کے پانچ طیارے تباہ ہوئے، جن میں تین جنگی طیارے اور دو بغیر پائلٹ کے ڈرون شامل تھے۔