پاک بھارت کشیدگی:کئی بڑی ایئرلائنز نے پاکستانی فضائی حدود کا استعمال ترک کردیا

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

کراچی،پہلگام حملے کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدہ حالات کے باعث دنیا کی کئی بڑی ایئرلائنز نے پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرنا بند کر دی ہے۔

latest urdu news

ذرائع کے مطابق، لفتھانزا، امارات، ایئر فرانس، برٹش ایئرویز اور سوئس ایئر جیسی نامور ایئر لائنز نے اپنی پروازوں کے راستے تبدیل کر لیے ہیں تاکہ وہ پاکستانی حدود سے گزرنے سے بچ سکیں۔

اس فیصلے کی وجہ سے اب ان پروازوں کو زیادہ فاصلہ طے کرنا پڑ رہا ہے، جس کے باعث نہ صرف سفر کا وقت بڑھ گیا ہے بلکہ ایندھن کے اخراجات بھی زیادہ ہو گئے ہیں۔

لفتھانزا ایئر لائن نے باقاعدہ طور پر تصدیق کی ہے کہ وہ 22 اپریل 2025 کے پہلگام واقعے کے بعد پاکستان کی فضائی حدود استعمال نہیں کر رہی۔ یہ فیصلہ دیگر بڑی ایئر لائنز کے فیصلوں سے ہم آہنگ ہے، جو کشیدہ صورتحال کے پیش نظر متبادل راستے اپنا رہی ہیں۔

اس تبدیلی کا عملی اثر بھی نظر آنے لگا ہے۔ مثال کے طور پر برٹش ایئرویز کی لندن سے دہلی کی پرواز کا وقت ایک گھنٹہ بڑھ گیا ہے، جبکہ لفتھانزا کی فرینکفرٹ سے دہلی جانے والی پرواز کو بھی نئی روٹنگ کی وجہ سے ایک گھنٹہ اضافی لگ رہا ہے۔

امارات کی دبئی سے دہلی پرواز بھی آدھے گھنٹے سے زیادہ دیر سے پہنچ رہی ہے، جبکہ ممبئی، احمد آباد اور دیگر بھارتی شہروں کی پروازیں بھی اب پاکستان کی فضائی حدود کو بائی پاس کر رہی ہیں۔

ادھر پاکستان نے بھی بھارتی پروازوں کے لیے اپنی فضائی حدود بند کر دی ہیں اور اس حوالے سے نوٹم (NOTAM) جاری کر دیا گیا ہے، جواباً بھارت نے بھی پاکستانی ایئر لائنز پر پابندیاں لگا دی ہیں۔

تاہم پاکستان نے بین الاقوامی ایئر لائنز کو اب بھی اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دے رکھی ہے، لیکن کچھ ایئر لائنز جیسے لفتھانزا اور ایئر فرانس نے رضاکارانہ طور پر راستہ بدلنے کو ترجیح دی ہے۔

دوسری طرف، برٹش ایئرویز اب بھی اسلام آباد کے لیے اپنی پروازیں (BA 2161 اور 2160) چلا رہی ہے، جو معمول کے مطابق اپ اور ڈاؤن روٹس پر جاری ہیں۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter