جمعرات, 8 مئی , 2025

اسٹیٹ بینک کا شرح سود میں 1 فیصد کمی کا اعلان

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

کراچی، اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے آئندہ دو ماہ کے لیے مانیٹری پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے شرح سود میں کمی کر دی ہے۔

مرکزی بینک کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ مہنگائی میں مسلسل کمی کے باعث پالیسی ریٹ کو 12 فیصد سے گھٹا کر 11 فیصد کر دیا گیا ہے۔

latest urdu news

اپریل کے دوران مہنگائی کی سالانہ شرح صرف 0.3 فیصد ریکارڈ کی گئی، جو اس کمی کی ایک بڑی وجہ بنی۔

اعلامیے میں یہ بتایا گیا ہے کہ مالی سال 2025 کی دوسری سہ ماہی میں ملکی معیشت کی شرح نمو 1.7 فیصد رہی، جبکہ آئندہ مہینوں میں جی ڈی پی میں 2.5 سے 3.5 فیصد اضافے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

مارچ میں کرنٹ اکاؤنٹ میں 1.2 ارب ڈالر کا سرپلس ریکارڈ کیا گیا جبکہ بیرون ملک سے ترسیلات زر میں تاریخی اضافہ دیکھا گیا، اسٹیٹ بینک کے مطابق جون 2025 تک زرمبادلہ کے ذخائر 14 ارب ڈالر تک پہنچنے کی امید ہے۔

ایف بی آر کی جانب سے ٹیکس وصولیوں میں 26.3 فیصد بہتری دیکھی گئی، تاہم ہدف مکمل نہیں کیا جا سکا۔ نجی شعبے کو قرضوں کی فراہمی میں بھی 12.6 فیصد سالانہ اضافہ ہوا۔

اعلامیہ مزید بتاتا ہے کہ مہنگائی میں حالیہ کمی توانائی اور گندم کی قیمتوں میں کمی اور صارفین کے اعتماد میں بہتری کی عکاسی کرتی ہے۔ تاہم، مستقبل میں افراطِ زر میں کچھ اضافے کا امکان ہے، مگر یہ 5 سے 7 فیصد کی متوقع حد کے اندر رہے گی۔

واضح رہے کہ جنوری 2025 میں اسٹیٹ بینک نے شرح سود میں 1 فیصد کمی کی تھی، جس کے بعد یہ 12 فیصد پر آگئی تھی، اور مارچ میں اسے برقرار رکھا گیا تھا۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter