تہران، ایرانی وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ اگر امریکہ یا اسرائیل نے حملہ کیا تو جواب دینگے۔
ایران کے وزیر دفاع عزیز ناصر زادہ نے واضح کیا ہے کہ اگر امریکا یا اسرائیل نے ایران پر حملے کی جرأت کی، تو ایران ان کے مفادات، فوجی اڈوں اور فورسز کو نشانہ بنانے میں کوئی ہچکچاہٹ نہیں کرے گا۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ایران ہر ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے مکمل تیار ہے، اور دشمن نے اگر پہل کی تو جوابی کارروائی اس وقت اور جگہ پر کی جائے گی جہاں ایران مناسب سمجھے گا۔
یاد رہے کہ حالیہ دنوں یمن سے اسرائیل کے بن گوریان ایئرپورٹ (تل ابیب) پر بیلسٹک میزائل حملے کے بعد مشرق وسطیٰ کی صورتحال مزید کشیدہ ہو گئی ہے۔
اس حملے کے ردعمل میں اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے ایران کو دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ حملے کا جواب حوثیوں کے "ایرانی سرپرستوں” کو دیا جائے گا اور وہ بھی اسرائیل کی مرضی کے وقت اور مقام پر۔
واضح رہے کہ بن گوریان ایئرپورٹ پر حملے کے بعد اسرائیل میں کئی بین الاقوامی پروازیں معطل کر دی گئی تھیں، جس سے سفری نظام درہم برہم ہو گیا۔