پہلگام پراپیگنڈا مسترد : کھلاڑیوں اور فنکاروں کا افواج پاکستان سے اظہارِ یکجہتی

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

 

latest urdu news

اسلام آباد،پاکستانی کھلاڑیوں اور فنکاروں نے بھارت کے پہلگام فالس فلیگ آپریشن، جھوٹے الزامات اور اشتعال انگیز اقدامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے یکجہتی کا مظاہرہ کیا ہے۔

ٹینس اسٹار اعصام الحق نے اپنے بیان میں کہا کہ پہلگام واقعے کے بعد بھارت کی بے بنیاد الزام تراشی سے خطے کا امن خطرے میں پڑ گیا ہے، انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم اور افواج متحد ہیں اور ملکی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

سینئر اداکار سید محسن گیلانی نے کہا کہ بھارت کی منفی مہم نے اُسے خود ہی دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیا ہے۔ اگر دشمن نے پاکستان کی طرف میلی نظر بھی ڈالی تو پوری قوم افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہوگی۔

اداکار منیب بٹ نے کہا کہ بھارت بغیر کسی ثبوت کے الزامات لگا کر دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کر رہا ہے،انہوں نے سوال اٹھایا کہ بھارتی فوج کی بھاری موجودگی کے باوجود ایسا واقعہ کیسے پیش آیا؟ ہم ہر صورت میں اپنی افواج کا ساتھ دیں گے۔

اداکار جمال شاہ اور اداکارہ سیمی راحیل نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی پلوامہ اور پہلگام جیسے جعلی حملوں سے نفرت کو ہوا دے رہا ہے، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ پہلگام حملہ بھارتی فوجی نظام کی ناکامی ہے، جو ہماری سرحد سے سیکڑوں کلومیٹر دور پیش آیا۔

دفاعی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ملک کی سرحدوں کے تحفظ کے لیے افواج پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں اور ملک کی نامور شخصیات کا اظہارِ یکجہتی قومی اتحاد کا مظہر ہے۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter