کراچی،رکن قومی اسمبلی شیر افضل خان مروت کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز سیاسی مخالف ضرور ہیں لیکن بزدار سے ان کا کوئی مقابلہ نہیں ، اگر عمران خان مجھے پارٹی چھوڑنے کا خود کہتے تو چھوڑ دیتا۔
رکن قومی اسمبلی شیر افضل خان مروت نے ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کے دوران کہا کہ پی ایس ایل میں میری پسندیدہ ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ ہے۔
رکن قومی اسمبلی کا کہنا ہے کہ عمران خان کی ایما پر میں سیاست میں آیا، بانی پی ٹی آئی کی وجہ سے مجھے شہرت ملی ہے، سابق وزیراعظم اور میرے درمیان معاملات خراب نہیں ہیں، مجھے پتا ہے کس طرح عمران خان کی کانوں میں باتیں ڈالی جاتی ہیں۔
شیر افضل مروت نے کہا کہ تحریک انصاف کے رہنماؤں کی عمران خان سے ملاقاتیں ہی میری وجہ سے شروع ہوئیں، چغل خوری اور حسد نے پارٹی کو کافی کمزور کیا ہے ۔
رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ 9مئی کادن آنیوالاہے پارٹی کی طرف سے کوئی ڈائریکشنز ابھی تک سامنے نہیں آئیں ، میں اب بھی تحریک انصاف کاکارکن ہوں، 2024الیکشن کی اصل فاتح تحریک انصاف ہے اور 2018الیکشن کی فاتح بھی تحریک انصاف تھی۔
پارٹی سے نکالنے سے متعلق شیر افضل مروت نے کہا کہ جنہوں نے مجھے پارٹی سے نکالا ان کو شرم آنی چاہیے، مجھے پارٹی سے بانی ٹی آئی نے نہیں نکالا۔
مریم نواز کے حوالے سے شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ موجودہ وزیراعلیٰ سیاسی مخالف ضرور ہیں لیکن بزدار سے کوئی موازنہ نہیں، میں اپنے قبیلے کا سردارہوں، میرے بزرگ سیاست میں رہے ہیں، میں تحریک انصاف پلیٹ فارم سے پہلے کبھی الیکشن نہیں لڑا، میں نے عمران خان کے حوالے سے کوئی غلط بیانی نہیں کی، وہ مجھے چھوڑنے کا خود کہتے تو پارٹی چھوڑ دیتا۔