وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے خطرہ ابھی بھی موجود ہے، تاہم عالمی طاقتیں پاک-بھارت کشیدگی کو بڑھنے سے روکنے کی کوشش کر رہی ہیں۔
ایک انٹرویو کے دوران خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ بھارت جانتا ہے کہ اگر اس نے کوئی حرکت کی تو اسے سخت جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے پہلگام واقعے کی شفاف تحقیقات کی پیشکش کی، تاکہ عالمی سطح پر پاکستان پر الزام تراشی نہ ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر پاکستان تحقیقات کی پیشکش نہ کرتا تو عالمی برادری کی جانب سے سخت ردعمل سامنے آ سکتا تھا۔
خواجہ آصف نے تجویز دی کہ عالمی برادری سے 4 یا 5 ممالک پر مشتمل ایک کمیشن تشکیل دیا جائے جو معاملے کی جانچ کرے اور رپورٹ پیش کرے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اگرچہ تنازع بڑھنے کا خطرہ ابھی ختم نہیں ہوا، لیکن عالمی سطح پر کوششیں ہو رہی ہیں کہ صورتحال مزید نہ بگڑے۔
دوسری جانب وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پہلگام واقعے کے بعد بھارت کی اشتعال انگیزیوں کے باوجود پاکستان نے انتہائی ذمہ داری کا مظاہرہ کیا، انہوں نے واضح کیا کہ بھارت پاکستان کو اس واقعے سے جوڑنے کی ناکام کوشش کر رہا ہے جبکہ وہ کسی قسم کا ثبوت فراہم کرنے میں بھی ناکام رہا ہے۔