کراچی،رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف نہ صرف اپنا بیانیہ فراموش کر چکی ہے بلکہ طویل عرصے سے کوئی عملی سیاسی سرگرمی بھی نظر نہیں آ رہی۔
کراچی کے ایک ہوٹل میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے تحریک انصاف پر شدید تنقید کی اور کہا کہ 9 مئی کی تاریخ دوبارہ قریب آ رہی ہے، پی ٹی آئی کو بتانا چاہیے کہ اس حوالے سے اس کی کیا حکمتِ عملی ہے؟
انہوں نے کہا کہ 26 نومبر کے بعد پارٹی نے کوئی جلسہ منعقد نہیں کیا، اور نہ ہی کسی واضح سیاسی جدوجہد کا ثبوت دیا ہے، جو انقلابی دعوے کیے گئے تھے، ان کے برعکس پارٹی کی قیادت بیرونِ ملک مصروفِ سیر ہے۔
شیر افضل مروت نے کہا کہ حکومت کو پی ٹی آئی اور اس کے بانی کے معاملات کو سنجیدگی سے لینا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ وکلاء اور خواتین رشتہ داروں کو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات سے روکنا ایک خطرناک مثال قائم کر رہا ہے۔
پاک بھارت کشیدگی پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بھارت کا رویہ انتہائی جارحانہ ہے، ایسے میں پاکستان کو سیاسی اختلافات بھلا کر قومی وحدت کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔