آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیرِ صدارت خصوصی کور کمانڈرز کانفرنس کے اجلاس میں ملکی دفاع کے عزم کا اعادہ ۔
شرکا نے کہا کہ بھارت نے جنگ مسلط کی تو فیصلہ کن جواب کیلئے تیار رہے،جنگ کی کسی بھی کوشش کا بھر پور جواب دیا جائے گا۔
آرمی چیف نے پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ افواج اپنی عوام کے ساتھ متحد ہو کر کھڑی ہیں، کور کمانڈر کانفرنس میں آرمی چیف نے تمام محاذوں پر چوکنا رہنے پر بھی زور دیا اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم پر شدید اظہار تشویش کیا۔
شرکا کانفرنس نے کہا کہ بھارت نے 2019 میں پلوامہ کا ڈرامہ رچایا، یہ ڈرامہ مقبوضہ کشمیر کے اسٹیٹس کو تبدیل کرنے کیلئے رچایا گیا، پہلگام واقعہ کا مقصد پاکستان کی توجہ مغربی سرحدوں سے ہٹانا اور اقتصادی بحالی کی کوششوں سے توجہ ہٹانا ہے۔
شرکاء کور کمانڈرز نے کہا کہ پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنا انتہائی خطرناک ہے، بھارتی حرکت سے پاکستان کی 24 کروڑ آبادی متاثر ہوگی، جنوبی ایشیا میں عدم استحکام میں اضافہ ہوگا، بھارتی فوج پاکستان میں دہشتگردی کو منظم کر رہی ہے۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیر قیادت کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جنگ کی کسی بھی کوشش کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا، پاکستان کے عوام کی امنگوں کا ہر قیمت پر احترام کیا جائے گا