وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان کو مستند انٹیلیجنس اطلاعات موصول ہوئی ہیں جن کے مطابق بھارت آئندہ 24 سے 36 گھنٹوں کے دوران پہلگام حملے کو جواز بنا کر پاکستان کے خلاف فوجی کارروائی کی تیاری کر رہا ہے۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے اپنی افواج کو "مکمل آپریشنل آزادی” دے دی ہے تاکہ وہ پہلگام واقعے کے ردعمل میں وقت، طریقہ کار اور اہداف کا خود تعین کر سکیں۔
عطا تارڑ نے منگل کو ایک باضابطہ بیان میں کہا کہ پاکستان بھارت کے اس "مدعی، منصف اور جلاد” جیسے رویے کو سختی سے مسترد کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان گذشتہ دو دہائیوں سے دہشتگردی کا شکار رہا ہے اور ہر قسم کی دہشتگردی کی ہمیشہ مذمت کرتا آیا ہے۔
ان کے مطابق، پہلگام حملے کے بعد پاکستان نے بین الاقوامی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے شفاف اور غیر جانبدار تحقیقات کی پیشکش کی تھی۔ تاہم، بھارت نے اس کا جواب جارحانہ طرزِ عمل اور غیر ذمہ دارانہ الزامات سے دیا، جو کہ خطے کے امن کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔
عطا تارڑ نے واضح کیا کہ اگر بھارت نے کسی قسم کی فوجی مہم جوئی کی، تو پاکستان اس کا "یقینی اور فیصلہ کن” جواب دے گا۔
انہوں نے عالمی برادری کو بھی متنبہ کیا کہ اگر خطے میں حالات خراب ہوتے ہیں تو اس کے ذمہ دار صرف بھارت کے حکمران ہوں گے، کیونکہ پاکستان نے ہر ممکن کوشش کی ہے کہ معاملات کو سفارتی طریقے سے حل کیا جائے۔