بھمبر، پاک فوج نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارت کی ایک اور جارحیت ناکام بنا دی۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق مناور سیکٹر میں بھارتی کواڈ کاپٹر پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہو کر جاسوسی کی کوشش کر رہا تھا، جسے پاک فوج نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مار گرایا۔
ذرائع کے مطابق دشمن کی اس ناپاک کوشش کو پاک فوج نے نہایت مستعدی سے ناکام بنایا، اور واضح پیغام دیا کہ سرحدی حدود کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں اس واقعے کو اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ 22 اپریل کو مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں ایک فائرنگ کے واقعے میں 26 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔ بھارت نے روایتی الزام تراشی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فوری طور پر اس حملے کا الزام پاکستان پر ڈال دیا، بغیر کسی شواہد کے۔
پاکستان نے نہ صرف اس واقعے کی مذمت کی بلکہ وزیراعظم شہباز شریف نے بھارت کو پیشکش کی کہ اگر وہ غیر جانبدار تحقیقات کرانا چاہے تو پاکستان مکمل تعاون کو تیار ہے۔
دوسری جانب بھارت کی طرف سے جنگی جنون اور دھمکی آمیز بیانات کا سلسلہ جاری ہے، تاہم پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت واضح کر چکی ہے کہ کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ اور یادگار جواب دیا جائے گا۔