واہگہ بارڈر،3 دنوں کے دوران 536 پاکستانی شہری بھارت سے وطن واپس آئے جبکہ 849 بھارتی شہری پاکستان سے بھارت روانہ ہو گئے۔
لاہور سے موصولہ اطلاعات کے مطابق بھارت کی جانب سے پاکستانی شہریوں کو ملک چھوڑنے کی دی گئی مہلت ختم ہو چکی ہے۔
سرحد کے دونوں طرف کئی خاندان اب بھی اپنے گھروں میں واپسی کی امید لگائے بیٹھے ہیں، ادھر جنگی جنون میں مبتلا بھارتی حکومت نے سرحدی علاقوں کے کسانوں کو دو روز میں فصلیں کاٹنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
بارڈر سکیورٹی فورس نے بھارتی پنجاب کے اضلاع امرتسر، ترن تارن، فیروزپور اور فاضلکا میں اعلانات کے ذریعے کسانوں کو خبردار کیا کہ زیرو لائن کے قریب موجود کھیتوں کو 48 گھنٹوں کے اندر خالی کر دیں۔
دفاعی تجزیہ کاروں کے مطابق ان ہدایات سے واضح ہے کہ مودی حکومت کا جنگی جنون مزید شدت اختیار کر رہا ہے، اتوار کے روز 236 پاکستانی بھارت سے واپس پہنچے جبکہ پاکستان سے 115 بھارتی شہری بھارت روانہ ہوئے۔
بھارتی حکام نے وضاحت کی ہے کہ پاکستانی ہندو برادری کے افراد کو جاری کیے گئے طویل مدتی ویزے بدستور کارآمد رہیں گے۔
یاد رہے کہ امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کی جانب سے یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ بھارت پاکستان پر حملے کیلئے کیس بنا رہا ہے، بھارتی حکام پہلگام واقعے کے حوالے سے تاحال کوئی ثبوت پیش نہیں کرسکے۔
امریکی اخبار کا کہنا ہے کہ پہلگام واقعے کے بعد بھارت نے 100غیر ملکی مشنز کے سفارتکاروں کو وزارت خارجہ بلا کر بریفنگ دی۔