لاہور، وزیراعظم شہباز شریف نے قائد مسلم لیگ ن میاں نواز شریف سے جاتی امراء میں ملاقات کی۔
نجی ٹی وی چینل کے مطابق اس ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف بھی شریک تھیں، دوران گفتگو وزیراعظم شہباز شریف نے میاں نواز شریف کو پہلگام واقعے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال سے آگاہ کیا۔
شہباز شریف کا کہنا ہے کہ اگر بھارت نے کسی بھی قسم کی جارحیت کی کوشش کی تو بھرپور جواب دیا جائے گا، ملک کا مستقبل روشن ہے اور ہم ہر لمحہ ہوشیار ہیں، انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعہ ایک منصوبہ بند ڈرامہ ہے، بھارت پہلے بھی اس قسم کے جعلی واقعات رچا چکا ہے۔
ملاقات کے اختتام پر میاں نواز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان ہمیشہ خطے میں امن کا حامی رہا ہے اور ہم ہر قسم کی دہشت گردی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔
دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ پہلگام کا فالس فلیگ آپریشن تو ایک بہانہ تھا ،سندھ طاس معاہدہ اصل نشانہ ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ بھارت بھول میں نہ رہے اس پر فنٹاسٹک چائے نہیں فنٹاسٹک مار دھلائی ہوگی، پاکستان مکمل تیار ہے، تحقیقات کرا لیں لیکن لکھ لیں یہ نہیں کرائیں گے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ شواہد ہوتے تو 10 منٹ میں ایف آئی آر درج نہ ہوتی، بھارت بیانیے کی جنگ ہار چکا ہے، کوئی سیلابی صورتحال نہیں ہے، تمام چیزیں روٹین کے مطابق ہیں ، جس بھارت نے پانی بند کرنا تھا آج وہ پانی کھول رہا ہے ۔