اسلام آباد: نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹرویز پولیس نے معروف یوٹیوبر سعد الرحمان، جنہیں ڈکی بھائی کے نام سے جانا جاتا ہے، کے خلاف ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر مقدمہ درج کرلیا ہے۔
حال ہی میں سامنے آنے والی ایک ویڈیو میں دیکھا گیا کہ ڈکی بھائی ہائی وے پر گاڑی کے اسٹیئرنگ پر ٹانگیں رکھ کر اور آنکھیں بند کر کے گاڑی چلا رہے تھے۔ ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد عوام کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا اور موٹروے پولیس سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔
موٹروے پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ڈکی بھائی پر غفلت، لاپرواہی سے ڈرائیونگ اور تیز رفتاری جیسے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ "قانون کی نظر میں کوئی بھی شخص مستثنیٰ نہیں۔ ہائی ویز پر شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے قوانین پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے گا۔”
سرکاری بیان کے مطابق پولیس نے واقعے کی مکمل تحقیقات کے بعد مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ کیا۔ ساتھ ہی موٹروے پولیس کی جانب سے شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ دوران ڈرائیونگ مکمل احتیاط برتی جائے اور سڑکوں پر کسی قسم کی غیر ذمہ داری کا مظاہرہ نہ کیا جائے۔
یہ پہلی بار نہیں کہ ڈکی بھائی کو اپنے رویے پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہو، تاہم اس بار باضابطہ قانونی کارروائی سے سوشل میڈیا سے جڑے افراد کے لیے ایک واضح پیغام دیا گیا ہے کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کو سنجیدگی سے لیا جائے گا۔
ڈکی بھائی کے خلاف درج مقدمہ سوشل میڈیا شخصیات کے لیے ایک اہم مثال بن گیا ہے۔ ٹریفک قوانین کی پاسداری اور شہریوں کے تحفظ کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے واضح کر دیا ہے کہ شہرت یا مقبولیت قانون سے بالاتر نہیں۔