جمعہ, 25 اپریل , 2025

پاکستانی حدود کی خلاف ورزی، رینجرز نے بھارتی بی ایس ایف اہلکار کو گرفتار کرلیا

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

پاکستان رینجرز نے انٹرنیشنل بارڈر عبور کرکے پاکستانی حدود میں آنے والے بھارتی بارڈر سکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کے اہلکار کو حراست میں لے لیا۔

اسلام آباد: پاکستان رینجرز نے بین الاقوامی سرحد عبور کرنے پر بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کے اہلکار کو حراست میں لے لیا۔ گرفتار اہلکار کی شناخت کانسٹیبل پی کے سنگھ کے نام سے ہوئی ہے، جو بی ایس ایف کی 182 ویں بٹالین سے تعلق رکھتا ہے۔

latest urdu news

واقعہ فیروز پور سیکٹر میں پیش آیا، جہاں بی ایس ایف اہلکار نے مبینہ طور پر پاکستانی حدود میں غیر قانونی طور پر داخل ہو کر سرحدی قوانین کی خلاف ورزی کی۔ ذرائع کے مطابق اہلکار کے پاس اسلحہ بھی موجود تھا، جس سے واقعے کی سنگینی میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔

یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب دونوں ممالک کے درمیان پہلے ہی سیاسی و سفارتی کشیدگی جاری ہے۔ واہگہ بارڈر کی بندش، فضائی حدود کی معطلی، اور دوطرفہ معاہدوں پر نظرثانی جیسے اقدامات کے بعد یہ پیش رفت یقینی طور پر مزید کشیدگی کا باعث بن سکتی ہے۔

بھارتی میڈیا نے بھی اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا اہلکار فیروز پور سیکٹر میں پاکستانی حدود میں داخل ہوا، تاہم واقعے کی وجوہات یا اس کی نوعیت پر تاحال تفصیلی ردعمل سامنے نہیں آیا۔

ماہرین کے مطابق پاکستان کی جانب سے اس واقعے پر سفارتی سطح پر احتجاج یا بھارتی حکام سے وضاحت طلب کیے جانے کا امکان ہے، جبکہ گرفتار اہلکار سے تفتیش بھی جاری ہے تاکہ اس کے داخلے کی نوعیت — اتفاقی یا دانستہ — کا تعین کیا جا سکے۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter