نئی دہلی: بھارتی میڈیا کی جانب سے پہلگام حملے میں ہلاک قرار دیے جانے والے جوڑے نے خود سوشل میڈیا پر سامنے آ کر اپنی زندگی کا ثبوت دے دیا، جس سے بھارتی میڈیا کی جھوٹ پر مبنی رپورٹنگ ایک بار پھر بے نقاب ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق پہلگام حملے کے بعد بھارتی میڈیا نے ایک مبینہ بھارتی نیول آفیسر اور اس کی اہلیہ کی تصاویر نشر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ وہ اس حملے میں ہلاک ہو چکے ہیں۔ تاہم ان تصاویر میں نظر آنے والے جوڑے نے خود ویڈیو پیغام کے ذریعے حقیقت بیان کی ہے۔
ویڈیو میں لڑکی کا کہنا تھا: "ہم زندہ ہیں، ہمیں علم نہیں کہ بھارتی میڈیا ہماری پرانی تصاویر کیوں چلا رہا ہے اور ہمیں مرنے والوں میں کیوں شامل کر دیا گیا ہے۔” ان کا کہنا تھا کہ ان کی تصاویر کو نیول آفیسر اور ان کی اہلیہ کے طور پر پیش کرنا بالکل جھوٹ پر مبنی ہے اور وہ اس پر حیران ہیں۔
جوڑے نے اپنے ویڈیو بیان میں بھارتی میڈیا کی غیر ذمہ دارانہ رپورٹنگ پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بغیر تصدیق کے اس قسم کی خبریں نہ صرف جھوٹ پھیلانے کا ذریعہ بنتی ہیں بلکہ عوام میں بے چینی اور خوف بھی پیدا کرتی ہیں۔
یہ واقعہ ایک بار پھر اس بات کی مثال ہے کہ بھارتی میڈیا بعض اوقات سنسنی خیزی کے چکر میں حقیقت سے دور چلا جاتا ہے اور بغیر تحقیق کے ایسی خبریں نشر کرتا ہے جن کے نتائج سنگین ہو سکتے ہیں۔