ایف آئی اے نے گوجرانوالہ اور اسلام آباد میں انسانی اسمگلنگ، ویزہ فراڈ اور ڈیٹا میں چھیڑ چھاڑ میں ملوث افراد کے خلاف الگ الگ کارروائیاں کرتے ہوئے 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ایف آئی اے گوجرانوالہ کی جانب سے کی گئی ایک کارروائی میں نادرا ایجنٹ سمیت 3 افراد کو حراست میں لیا گیا، جن کی شناخت اطہر بٹ، زمان اکرم اور رؤف مسیح کے طور پر ہوئی ہے۔
حکام کے مطابق، اطہر بٹ کو نارووال سے گرفتار کیا گیا جو جعلی شناختی کارڈز بنانے، شہریوں کے کوائف میں تبدیلی اور فیملی ٹری میں غیرقانونی مداخلت جیسے جرائم میں ملوث پایا گیا، اس کے ساتھ شامل نادرا کے افسر کی شمولیت کی بھی تفتیش جاری ہے۔
ایک اور کارروائی میں زمان اکرم نامی شخص کو گرفتار کیا گیا، جس نے شہری کو کینیڈا بھجوانے کے نام پر 92 لاکھ روپے سے زائد رقم بٹوری، مگر معاہدے پر عمل نہ کرتے ہوئے روپوش ہو گیا تھا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق نارووال ہی میں کی گئی ایک اور کارروائی میں رؤف مسیح کو گرفتار کیا گیا، جس نے یو اے ای بھجوانے کے بہانے شہری سے 3 لاکھ روپے وصول کیے، مگر وعدہ پورا نہ کر کے فرار ہو گیا۔
ادھر ایف آئی اے اسلام آباد نے ایبٹ آباد میں چھاپہ مار کر دو انسانی اسمگلرز، محمد ساجد جیلانی اور جاوید اقبال کو گرفتار کر لیا، دونوں کا تعلق ٹوبہ ٹیک سنگھ سے ہے، ان کے قبضے سے8 پاکستانی پاسپورٹس، میڈیکل اور پولیس کلیئرنس سرٹیفکیٹس بھی برآمد کیے گئے۔
حکام کے مطابق گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور ان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔